سگریٹ نوشی کیخلاف واک میں ڈاکٹر صاحبزادہ فرید،ارشاداللہ گورائیہ ودیگرکاخطاب
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) سگریٹ نوشی نہ صرف دل کی بیماریوں بلکہ شوگر کا باعث بھی بنتی ہے اور ہارٹ اٹیک کی صورت میں بچنے کے مواقع کم کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ سگریٹ نوشی 69 قسم کے مختلف کینسر کا باعث بنتی ہے ۔پھیپھڑ وں کے سرطان میں مبتلا 75 فیصد مریض سگریٹ نوش ہوتے ہیں۔ دنیا میں ہر سال 60 لاکھ افراد کی اموات تمباکو نوشی کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔سگریٹ نوشی کی وجہ سے خون میں آکسیجن لے کر جانے کی قوت کم ہو جاتی ہے جس کے نتیجہ میں بلڈ پریشر میں اضافہ ہوتا ہے ،اسلئے سموکنگ کے نقصانات بارے آگاہی بہت ضروری ہے کیونکہ پرہیز علاج سے بہتر ہے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ فرید، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد اﷲ گورائیہ ،ڈسٹرکٹ سینٹری انسپکٹر محمد رمضان نے سگریٹ نوشی کے خلاف ہونے والی واک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ، مقررین نے کہا کہ ہم نے اپنے معاشرے میں سگریٹ نوشی کے خلاف آگاہی پیدا کرنی ہے کیونکہ سگریٹ نوشی صرف سگریٹ پینے والے کو ہی نقصان نہیں پہنچاتی بلکہ گھر اور دفتر میں موجود باقی لوگوں اور خاص طور پر بچوں کو اس کا زیادہ نقصان ہوتا ہے ،انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ سگریٹ نوشی کے خلاف بنائے گئے قوانین پر عمل درآمد کرایا جائے ۔
Load/Hide Comments