تحقیقاتی ادارے کے اہلکار دریائے چناب کے حفاظتی بندوں اور پشتوں کی تصویریں بنا کر پنجاب حکومت کو بھجوائیں گے :ذرائع
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) سیلاب کی صورتحال کو کنٹرول کرنے اور انتظامیہ و سرکاری محکموں کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے خفیہ تحقیقاتی ادارے متحرک ہوگئے ہیں ۔تحقیقاتی ادارے کے اہلکار دریائے چناب کے حفاظتی بندوں اور پشتوں کی تصویریں بنا کر پنجاب حکومت کو بھجوائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں سیلاب کے خدشات کے پیش نظر پیشگی اقدامات تیز کردیئے ہیں ،اس سلسلے میں اضلاع کی انتظامیہ اور محکمہ انہار سمیت مختلف سرکاری اداروں کی طرف سے پنجاب حکومت کو جو رپورٹیں بھجوائی جارہی ہیں ان کی تصدیق اور کاؤنٹر چیک کیلئے پنجاب حکومت کے ماتحت کام کرنے والی خفیہ تحقیقاتی ایجنسی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ اگر کوئی افسر غلط بیانی سے کام لے رہا ہویا حکومت کو حقائق کے برعکس رپورٹیں بھجوارہا ہو تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جاسکے ۔ حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں دریائے چناب میں سیلاب کے خدشات کے پیش نظر گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور نارووال کے اضلاع کے ڈی سی اوز، محکمہ انہار کے ایکسین اور ایس ایز وغیرہ نے حفاظتی بندوں اور پشتوں کو مضبوط بنانے ، دریا کنارے آباد لوگوں کی منتقلی، کیمپ لگانے اور دیگر اقدامات کے حوالے سے صوبائی حکومت کو رپورٹیں بھجوائی ہیں جن کی تصدیق کیلئے ایجنسی اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ تمام رپورٹیں 24گھنٹوں میں مکمل کرکے حکومت کو بھجوادی جائیں گی۔
Load/Hide Comments