شہریوں کی صفائی،ریونیو ،واپڈا ، میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں کے خلاف شکایات
کامونکے ،گوجرانوالہ (تحصیل رپورٹر،سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر نائلہ باقرکی زیر صدارت میونسپل کمیٹی ہال کامونکے میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا،ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ کھلی کچہری کا تحصیلوں میں انعقاد کا مقصد خود عوام تک پہنچنا اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنا ہے ۔ ا س موقع پر شہریوں نے صفائی،ریونیو ،واپڈا ، میونسپل کمیٹیز اور دیگر محکموں کے خلاف اپنی شکایات درج کروائیں ،سائلین کی صفائی اور سٹریٹ لائٹس سے متعلق شکایات پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے ۔سائلین نے اجتماعی شہر ی مسائل زبانی بھی اُجاگر کیے جس پرڈپٹی کمشنرنے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے سائلین کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ ان کے تمام مسائل کوترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی جائے گی۔ بعد ازاں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر (کامونکے )شاہد عباس جوتہ کے ہمراہ کامونکے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور سیوریج اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے مونسپل کمیٹی حکام کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں ۔
Load/Hide Comments