قربانی کے جانوروں کی آمدورفت تمام اضلاع میں چیک پوسٹیں قائم، تفصیلات جان لیں

ضلع گوجرانوالہ میں 3، گجرات 3، منڈی بہاؤ الدین 4، حافظ آباد 4، نارووال 4اور سیالکوٹ میں 5چیک پوسٹیں بنائی گئیں عوام کو قربانی کے تندرست اور چیچڑیوں سے پاک جانوروں کی فراہمی محکمہ کی اوّلین ترجیح ہے :ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر خلیل احمد
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) عید الا الضحیٰ کے قریب آتے ہی پنجاب کے مختلف علاقوں سے قربانی کے جانوروں کی بڑی تعدادگو جرانوالہ ڈویژن میں آمدورفت شروع ہو گئی ۔محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے کر دی گئی ہیں۔ ضلع گوجرانوالہ میں 3، گجرات 3، منڈی بہاؤ الدین 4، حافظ آباد 4، نارووال 4 اور سیالکوٹ میں 5 چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جن پر محکمہ لائیو سٹاک کا عملہ24 گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دے گا ۔ شہر میں داخل اور خارج ہونے والے قربانی کے جانوروں کا چیک پوسٹوں پر معائنہ کیا جاتاہے اور چیچڑوں سے متاثرہ جانوروں کے جسم پر چیچڑمار ادویات کا سپرے کیا جاتاہے جبکہ جانوروں کو منتقل کرنے والی گاڑیوں پر محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے تیار کردہ تصدیقی سٹیکرز بھی چسپاں کیے جاتے ہیں تاکہ اس بات کا یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی گاڑی بغیر معائنہ کے شہر میں داخل نہ ہو سکے ۔ ڈائریکٹر لائیو سٹاک گوجرانوالہ ڈویژن ڈاکٹر خلیل احمد کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن کے عوام کو قربانی کے تندرست اور چیچڑیوں سے پاک جانوروں کی فراہمی محکمہ کی اوّلین ترجیح ہے ۔ عوام کو بھی ہدایت کی گئی کہ کسی بھی جانور کے جسم پر چیچڑیوں کی موجودگی کی صورت میں علاقہ میں موجود ویٹرنری ہسپتال سے رابطہ کریں تاکہ جانوروں کو بروقت سپرے کر کے چیچڑیوں سے پاک کیا جا سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں