ڈپٹی کمشنر نے سیوریج لائنوں کی بندش روکنے اور شہر میں صفائی وستھرائی کیلئے 15 ہزاربیگز تقسیم کرنے کا حکم دے دیا

شہر کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں ری سائیکل ایبل بیگ تقسیم کرکے پلاسٹک بیگز کا استعمال بند کیا جائے گا ،ضلعی انتظامیہ پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے سے قبل بھرپور آگاہی مہم چلائے گی:ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر 
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے سیوریج لائنوں کی بندش روکنے اور شہر میں صفائی وستھرائی کیلئے 15 ہزار کپڑے کے بیگز تقسیم کرنے کا فیصلہ کیاہے ،شہر کی مختلف مارکیٹوں اور بازاروں میں ری سائیکل ایبل بیگ تقسیم کرکے پلاسٹک بیگز کا استعمال بند کیا جائے گا اور پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر نائلہ باقر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ گوجرانوالہ پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے سے قبل بھرپور آگاہی مہم چلائے گی ، شہر کے مختلف علاقوں میں کپڑے کے بیگ مفت تقسیم کیے جائیں گے ۔ ضلع گوجرانوالہ پنجاب کا پہلا شہر ہو گا جہاں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی جائے گی جس سے نہ صرف شہریوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا بلکہ آلودگی کی روک تھام ، پلاسٹک بیگز کے باعث سیوریج لائنوں کی بندش اور شہر میں صفائی کا دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو گا ۔ ضلعی انتظامیہ شاپر بیگز کا کاروبار کرنے والے تاجروں ، ہول سیل ڈیلرز اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو پہلے مرحلے میں نوٹس جاری کرے گی ، مقررہ مدت کے بعد خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا ۔ حکومت شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے جس کیلئے پنجاب بھر میں پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کی جائیگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں