پولیس کے یوم شہدا پر تقاریب: شہریوں کی حفاظت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ ٔپیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش

گوجرانوالہ، گجرات ، حافظ آ باد ، منڈی بہائوالدین (کرائم رپورٹر، نمائندگان )شہدائے پولیس کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیلئے اشرف مارتھ شہید پولیس لائنز میں پروقار تقریب کا ہتمام کیا گیا ، تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کمانڈر 30کور گوجرانوالہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ریجنل پولیس آفیسر طارق عبا س قریشی اور سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر معین مسعود نے خطاب میں شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا ۔کور کمانڈر نے خطاب کے دوران کہا کہ ملک میں امن اومان قائم کرنے کیلئے پولیس کی قربانیوں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے ،شہدا ہمارے ہیروز ہیں اور ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
سیالکوٹ میں بھی شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چو دھری اخلاق احمد،ڈپٹی کمشنر بلال حیدراور رہنما تحریک انصاف عمرڈار نے تقریب میں شرکت کی۔
منڈی بہائوالدین ضلع کونسل ہال میں پر وقار تقریب کے دوران پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی پوسٹل سروسز حاجی امتیاز احمد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ناصر سیال کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ شہدا کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر کو انکے انجام تک پہنچائیں۔حاجی امتیاز احمد کا کہنا تھا کہ حکومت کو سکیورٹی اداروں پر فخر ہے ، جوانوں کی لازوال قربانیاں لازوال حقیقت ہیں۔
حافظ آباد میں بھی یوم شہدا پولیس انتہائی جوش وجذبے اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا، مختلف مقامات پر شمعیں روشن کی گئیں،یادگار شہدا پر سلامی پیش کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، ڈی پی او ساجد کیانی کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور فلاح وبہبود میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔
پولیس لائنز گجرات میں نیشنل پولیس شہدا ڈے کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،ڈی پی او توصیف حیدر نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورجوانوں کے دستے نے سلامی دی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں