راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کا آخری حد تک ساتھ دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں میں کشمیر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، کور کمانڈرز کانفرنس میں بھارتی اقدام کیخلاف حکومتی موقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا پاک فوج کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک ساتھ ہے، پاک آرمی اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے، پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔