بھارتی مظالم کیخلاف پوری قوم متحد: گوجرانوالہ میں بھی احتجاج , کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلیاں , تقریبات، تفصیلات جان لیں

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو تشدد سے دبایا نہیں جا سکتا،عالمی برادری بھا رتی جارحیت کا نو ٹس لے :مقررین
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر، نیوز رپورٹر)کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کیخلاف سیاسی وسماجی ،طلبہ تنظیموں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں جس میں سیاسی ،مذہبی شخصیات ،اساتذہ ،طلبہ اور تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تحریک انصاف گوجرانوالہ کے مقامی رہنمائوں افضل مبشر چیمہ ،سعید بھٹہ اور دیگر کی زیر نگرانی احتجاجی ریلی نکالی گئی، ادارہ المصطفی کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی، اس کے علاوہ گورنمنٹ اے ڈی ماڈل سکول کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی ریلی نکالی ۔ نجی و سرکاری کالجز ، یونیورسٹیز میں طلبہ وطالبات نے کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ، تمام تعلیمی اداروں میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیارکی گئی۔ علاوہ ازیں کشمیر میں بھارتی جارحیت کیخلاف سرکاری کالجوں اور سکولوں میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے کالجوں اور سکولوں میں سیمینارمنعقد ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سب سے بڑی تقریب گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج سٹیلائٹ ٹائون میں ہوئی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز محمد جمیل، پرنسپل روبینہ ، طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی ۔ کالج کا ہال کشمیر بنے گاپاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا۔ اساتذہ اور طلبہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم اور جارحیت میں اضافہ ہورہا ہے جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا ہوگا۔ تقریب کے بعد ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے تحت ضلع بھر کے سکولوں میں تقاریب منعقد کی گئیں۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہو ئے سی ای او ایجوکیشن محمد اورنگزیب، ڈی ای او سیکنڈری قادر بخش نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو تشدد سے دبایا نہیں جا سکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں