پیشہ ور اور اناڑی قصابوں نے مختلف علاقوں میں بینرز آویزاں کر دیئے ،دو سرے اور تیسرے روز قیمتوں میں 20سے 30 فیصد کمی کر کے جانوروں کی بکنگ ،جانور ذبح کر نا اور گوشت بنانا ایک فن ،مناسب قیمت لے رہے ہیں :قصاب
گوجرانوالہ میں قصابوں نے چھریاں تیز کرلیں اور ڈیمانڈ میں اضافے کے باعث کٹائی کے ریٹ بھی بڑھ چڑھ کر مانگنا شروع کردیئے ۔ پیشہ ور قصائیوں کے ساتھ ساتھ اناڑی قصائی بھی میدان میں آگئے ۔تینوں دنوں کے مختلف ریٹس مقرر کر دیئے ۔پہلے روز اونٹ ذبح کا 30ہزار ،بیل کا 20ہزارجبکہ بکرے چھترے کا چھ سے آٹھ ہزار روپے ڈیمانڈ کیا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق عید الضحیٰ میں ایک دن باقی رہ گیا ہے اورشہریوں کیلئے قصائی تلاش کر نا کسی بھی چیلنج سے کم نہیں۔ پیشہ ور اور اناڑی قصابوں نے بکنگ کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں بینرز آویزاں کر دیئے ہیں ۔گزشتہ سال کی نسبت جہاں جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے وہیں قصابوں نے بھی ریٹ بڑھادیئے ہیں۔ قصابوں نے تینوں دن کیلئے مختلف ریٹ مقررکئے ہیں ،پہلے روز اونٹ کا تیس ہزار ،بیل کا بیس ہزار جبکہ بکرے اور چھترے کا چھ سے آٹھ ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ دو سرے اور تیسرے روز قیمتوں میں بیس سے تیس فیصد کمی کر کے جانوروں کی بکنگ کی جا رہی ہے ۔قصابوں کا کہنا تھا کہ پیشہ ور قصاب کے جانور ذبح کرنے کا ایک خاص طریقہ ہوتا ہے ،جانور کو ذبح کر نا اور گوشت بنانا ایک فن ہے جس کی مناسب قیمت وصول کر رہے ہیں ۔
Load/Hide Comments