ملازمین نے درخواستیں دبانا شروع کر دیں ، معمولی جرائم کی سینکڑوں درخواستوں پر کئی ہفتے گزر جانے کے بعد بھی کارروائی نہیں ہوتی ایس ایچ اوز نے افسروں کو غلط بریف کرنے کا وطیرہ بنا لیا، ملزموں کوفائدہ پہنچایاجاتاہے :شہری ،فرنٹ ڈیسک کی کارکردگی تسلی بخش :حکام
گوجرانوالہ میں شہریوں کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کیلئے بنائے گئے فرنٹ ڈیسک بھی روایتی پولیس کے نقش قدم پر چل نکلے ، معمولی کیسز تو دور کی بات سنگین جرائم کی درخواستوں کو بھی نظر انداز کرنا شروع کر دیا ، ایس ایچ اوز نے اعلی افسروں کو غلط بریف کرنے کا وطیرہ بنا لیا ہے ، پولیس حکام نے بھی خاموشی اختیار کر رکھی ہے ، جس سے سینکڑوں درخواست گزار ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کلچر کی تبدیلی اور شہریوں کی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کے لئے تمام تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنائے گئے اور اس حوالے سے وہاں تعینات ہونے و الے سٹاف کو اس حوالے سے باقاعد ٹریننگ بھی دی گئی کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواست پر فوری عملدرآمد کروایا جائے لیکن معمولی جرائم کی درخواستیں تودور کی بات فرنٹ ڈیسک ملازمین نے متعلقہ پولیس کے ساتھ ساز باز کر کے گوجرانوالہ سمیت ریجن بھر میں سنگین جرائم کے کیسز کی درخواستیں بھی کئی کئی روز تک دبانا شروع کر دی ہیں جبکہ معمولی نوعیت کے جرائم کی سینکڑوں درخواستوں پر کئی ہفتے گزر جانے کے بعد بھی کارروائی نہ ہو سکی ،شہریوں کا کہنا تھا فرنٹ ڈیسک کا عملہ بھی روایتی پولیس کے نقش قدم پر چل نکلا ہے ،بروقت مقدمات درج نہ ہونے سے ملزموں کو فائدہ پہنچتا ہے ، فرنٹ ڈیسکوں کی سخت مانیٹرنگ کے باوجود سنگین جرائم کی درخواستوں پر کئی کئی روز تک مقدمات درج نہ ہونا اعلی افسروں کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے ۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایس ایچ اوز ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے لئے سنگین جرم کی دفعات بھی اپنی مرضی سے درج کرواتے ہیں جس سے کیس کی نوعیت ہی تبدیل ہو جاتی ہے ۔ دوسری طرف پولیس حکام کاکہناہے کہ فرنٹ ڈیسک کی کارکردگی تسلی بخش ہے ۔
Load/Hide Comments