اسلام آباد: پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے آئندہ 3 سال کیلئے پاک فوج کا سپہ سالار مقرر کر دیا گیا ہے۔
جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کا فیصلہ ملک اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کے تسلسل کیلئے کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ء کو پاک فوج کی کمان سنبھالی تھی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی کیرئیر کا آغاز اکتوبر 1980ء میں 16 بلوچ رجمنٹ سے کیا تھا۔
پاک فوج کے سابق سربراہان جنرل یحیٰ خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل کیانی کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے سے قبل انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن کے عہدے پر تعینات رہے جبکہ 10ویں کور کو بھی کمانڈ کرتے رہے۔ خیال رہے کہ 10ویں کور پاک آرمی کی سب سے بڑی کور ہے جس کی ذمہ داری لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کو سنبھالنا ہے۔ اس کے علاوہ بطور میجر جنرل انہوں نے فورس کمانڈ ناردرن ایریاز کی سربراہی کی۔