سابق وفاقی حکومت نے 3سال قبل ریلوے سٹیشن کو مسمار کر کے اس جگہ پر بینک اور فوڈ سٹریٹ بنانے کا کام شروع کیا حکم امتناعی کے باعث کام روک دیاگیا،کھنڈرنماعمارت کسی بھی وقت زمین بوس ہونے کاخدشہ،شام ڈھلنے ہی ویرانی
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)سو سال پرانے سٹی ریلوے سٹیشن کی عمارت پر مالیاتی ادارے تو نہ بن سکے البتہ اربوں روپے مالیت کی یہ جگہ کھنڈر میں تبدیل ہو چکی ہے ،جس کے بعد اس جگہ کو نشئیوں نے اپنی آماجگاہ بنا لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی حکومت نے تین سال قبل سٹی ریلوے سٹیشن کو مسمار کر کے اس جگہ پر بینک اور فوڈ سٹریٹ بنانے کا کام شروع کیا لیکن بلڈنگ کی مسماری کے دوران لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی کے باعث اس جگہ پر ہر طر ح کا تعمیراتی کام روک دیا گیا جس کے بعد سے یہ جگہ کھنڈر میں تبدیل ہو چکی ہے ۔اسوقت مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے اوریہ کھنڈر نما عمارت کسی بھی وقت زمین بوس ہو سکتی ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے اس جگہ پر سکیورٹی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں نے اس جگہ سے گزرنا چھوڑ دیا ہے ۔ سٹیشن پر قائم مسجد میں نماز پڑھنے کیلئے آنے والے تاجروں کا کہنا تھا کہ اس جگہ پر شام کے وقت بہت اندھیرا ہو تا ہے جس کی وجہ سے سٹیشن پر نماز کیلئے نہیں آتے اور جو لوگ ریلوے پلیٹ فارم پر واک کے لیے آتے تھے انہوں نے بھی یہاں آنا چھوڑ دیا ہے ،جس کی وجہ سے شام ڈھلتے ہی یہ جگہ ویرانی کا منظر پیش کرتی ہے اوراس خستہ حال عمارت کے قریب سے گزرتے ہوئے ڈر ہی لگا رہتا ہے ۔انتظامیہ کم ازکم اس عمارت کو مکمل طور پر مسمار ہی کر دے تاکہ کوئی حادثہ نہ ہوسکے ۔
Load/Hide Comments