پیاز کی قیمت بھی 100روپے فی کلو تک جا پہنچی،ادرک 400 روپے،لہسن 320 روپے، شملہ مرچ 200روپے کلو میں فروخت ، مارکیٹ کمیٹی لاعلم آم چونسہ،آڑو اورسیب گاجا 150 روپے،خوبانی 200 روپے کلو تک بکے ، زندہ برائلرگوشت 205روپے کلو رہا ، اوپن مارکیٹ میں صرف ٹماٹر سستے
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)عید کے بعد بھی شہری مہنگے داموں پھل سبزیاں اور دیگر اشیا خورونوش خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گراں فروشی پرقابوپانے میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ گزشتہ روز پیاز کی قیمت بھی 100 روپے کلو تک جا پہنچی،ادرک 400 ،لہسن 320 جبکہ شملہ مرچ 200 روپے کلو میں فروخت ہوئی ۔ مارکیٹ کمیٹی جو کاغذی کارروائی کے طور پر پھلوں اور سبزیوں کے نرخ روزانہ جاری کر کے فی دکاندار دس روپے وصول کر رہی ہے اس کو خود علم نہیں ہوتا کہ منڈی میں کیا نرخ چل رہے ہیں ۔ منڈی میں پیاز 80 روپے کلو تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 100 روپے کلو بیچا گیا اور مارکیٹ کمیٹی نے اس کا سرکاری نرخ 60 سے 63 روپے کلو جاری کیا تھا ،ادرک مارکیٹ میں چار سو روپے کلو فروخت ہوا جبکہ اسکا سرکاری نرخ 300سے 305 تھا ۔ لہسن چائنہ 228/232 روپے کے بجائے 320 روپے کلو،آلو نیا 26/28 روپے کی جگہ 50 روپے ،20/22 روپے کلو والا کریلا مارکیٹ میں 80 روپے کلو،26/30 روپے کلو والا بینگن 80 روپے ،74/76 روپے کلو والی سبز مرچ 120 روپے کلو میں فروخت ہوئی ۔ عید پر ڈیڑھ سے دو سو روپے کلو تک بکنے والے ٹماٹر اوپن مارکیٹ میں 50/60 روپے میں مل رہے تھے ۔ حالانکہ ان کا سرکاری ریٹ 62/65 روپے کلو تھا۔ پھلوں میں آم چونسہ 150 روپے کلو،کیلا 80/100 روپے درجن،سیب گاجا 150 روپے کلو،خوبانی 200 ،آڑو 150 روپے کلو تک فروخت ہوتے رہے ۔ زندہ برائلرگوشت 205 روپے کلو میں بیچا گیا۔
Load/Hide Comments