خارجہ پالیسی ناقص, حکومت نے کشمیر کا کیس لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیئے : بلاول

ہر پاکستانی پریشان ہے کہیں کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہورہی ،سودے بازی کی گئی تو تمہارا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا آج کشمیریوں کاقاتل ،گجرات کا قصائی رہبر نہیں رہزن ،سکردو میں جلسہ سے خطاب
سکردو (مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں ) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے حکومتی ناقص خارجہ پالیسی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کردیا،حکومت نے کشمیر کا کیس لڑنے سے پہلے ہی ہتھیار ڈال دیئے ،ہر پاکستانی پریشان ہے کہ کہیں کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہورہی ، یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ ساری اپوزیشن کوجیل میں ڈال دیا گیاہے ،مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا اور آج کشمیریوں کاقاتل ہے ، قاتل قاتل مودی قاتل ہے ، تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طورپر یاد رکھے گی ۔سکردو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے کہا میں مودی سے پوچھ رہا ہوں کہ گجرات کے قصائی مودی اگر تم نے کشمیریوں کوحقوق دیئے ہیں تو کرفیو اٹھا کر سرینگر میں جلسہ کرو تمہیں پتا چل جائے گا کہ تمہاری حیثیت کیاہے ؟ تم رائے شماری کرواکے دکھا دو، تمہیں پتا چل جائیگا کہ کشمیر کے لوگوں کی کیارائے ہے ؟ انہوں نے کہا مودی کشمیر میں گھس کردکھا دے جس نے چھ لاکھ فوج سے کشمیر کو جیل بنا کررکھ دیاہے ۔ ان کا کہنا تھا مودی فوج کے بوٹوں کی دھمک سے آزادی کا جذبہ نہیں چھین سکتا اور نہ ہی لوگوں کے دلوں پر حکومت کرسکتا ہے ۔ مودی تم رہبر نہیں رہزن ہو ، پیلٹ گن سے لوگوں کی بینائی تو چھینی جاسکتی ہے لیکن ان کی سوچ پر پہرہ نہیں بٹھایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا اور آج کشمیریوں کاقاتل ہے ، اس موقع پر انہوں نے قاتل قاتل مودی قاتل کے نعرے بھی لگوائے ۔ انہو ں نے کہا ہم کشمیر پر کوئی سودے باز ی قبول نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان سے پیغام دیتا ہوں کہ بھٹو کا نواسہ موجود ہے ، اگر کشمیر پر کوئی سودے بازی کی تو تمہارا وہ حشر ہوگا کہ دنیا یاد رکھے گی، ‘سلیکٹیو’ حکمرانو! ہوش کے ناخن لو۔ بلاول نے کہا یہ کیسا یکطرفہ احتساب ہے کہ 30 ارب کی پشاورمیٹرو 100 ارب کی ہوگئی اور کوئی پوچھنے والا نہیں، عمران خان اور ان کی کابینہ کے لوگ ڈریں ظلم کرنے والوں کو اپنے ظلم کا حساب دینا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں