سرینگر: (ویب ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی مقبولیت نے مقبوضہ کشمیر میں بھی پنجے گاڑھ دیے، کشمیریوں نے ان کے پوسٹرز شاہراہوں اور گلیوں میں لہرا دیئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر میں پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی تصاویر اٹھا کر مظاہرے کیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 5 اگست سے مقبوضہ وادی کی ناکہ بندی جاری ہے لیکن سکیورٹی حصار کے باوجود ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے۔
وادی کی شاہراہوں اور گلیوں میں پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز اور ہینڈ بلز آویزاں کیے گئے ہیں۔
ان پوسٹرز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کشمیریوں کے لیے آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے کا بیان تحریر کیا گیا ہے۔
اُدھر پوسٹر میں حریت رہنماؤں کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ کشمیری زمین پر جنت اپنے وطن سے بھارت کو نکالنے کے لیے شانہ بشانہ ہوں گے اور جنت غاصب بھارتی فوج کا مسکن نہیں بن سکتی۔
یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرتے ہوئے پوری وادی میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، اس وقت مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے، جہاں میڈیا کے نمائندوں کا داخلہ بھی بند ہے۔