مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر لاؤڈ سپیکر کے استعمال، 9اور 10محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی:سپرنٹنڈنٹ آف پولیس صدر ڈویژن
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سپرنٹنڈنٹ آف پولیس صدر ڈویژن وسیم ڈار نے محرم الحرام کے حوالے سے ممبران امن کمیٹی، منتظمین مجالس اور جلوس سے میٹنگ کی اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے گی ۔ لا اینڈ آرڈر کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے شر پسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ قابل اعتراض یا نفرت انگیز مواد کی تشہیر، پرنٹنگ ، وال چاکنگ یا تقریریں کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔ کسی کمیونٹی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کیلئے اشتعال انگیز نعرے بازی کرنیوالوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں میں رکاوٹ پیدا کرنا اور اذان اور عربی خطبہ کے علاوہ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ نو اور دس محرم کو ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہوگی۔ جلوس اور مجالس کے روٹس اور ٹائمنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی۔ میٹنگ کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر بھی کی گئی۔
Load/Hide Comments