جماعت اسلامی خواتین یوتھ ونگ کی کشمیر بنے گا پاکستان ریلی

پاکستان کی بقا و سا لمیت کشمیر کی آزادی سے وابستہ ،مودی نے کشمیر کو جیل بنادیاہے آزادی کشمیر کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑینگے :مقررین ،شرکاکے بھرپورنعرے
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )جماعت اسلامی خواتین یوتھ ونگ گوجرانوالہ کے زیراہتمام کشمیر بنے گا پاکستان ریلی نکالی گئی جس کی قیادت عظمیٰ نوید، مزمل طاہر ،حمیرا عزیز ، فرح امتیاز اور رضوانہ بٹ نے کی،ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،شرکانے بھرپور نعرے بازی کی اورانہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے درج تھے ،ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزمل طاہر کا کہنا تھا کہ کشمیر ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، پاکستان کی بقا اور سا لمیت کشمیر کی آزادی سے وابستہ ہے ، اگر پاکستان کو بنجر اور صحرا بننے سے بچانا ہے تو کشمیر کو آزاد کرانا ہوگا ۔ حمیرا عزیز کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے اپنے کشمیری بھائیوں کا ساتھ دیں گے ،ہماری بیٹیاں ہمیں پکار رہی ہیں، اب احمد شاہ ابدالی اور محمود غزنوی کی طرح کشمیری مائوں بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت کاوقت ہے ۔ فرح امتیازنے کہا کہ درندہ صفت مودی نے کشمیر کو جیل بنادیاہے ، لاکھوں کشمیری اپنے گھروں میں قید اور چٹان کی طرح کھڑے ہیں ،کشمیر کی آزادی کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے ،رضوانہ بٹ کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر کی ان عظیم مائوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنے بیٹوں کو قربان کیا ۔ پاکستان کی خواتین کشمیر کی جرا ت مند مائوں ،بہنوں، بیٹیوں کا پیغام ہر گھر میں پہنچائیں۔ کشمیری ہمارے تعاون اور مدد کے مستحق ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں