راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سندھ سے تعلق رکھنے والے یوتھ ونگ سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے ہی وابستہ ہے. ملک کو آگے لے جانے کے لیے میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سندھ سے تعلق رکھنے والے یوتھ ونگ کے وفد نے ملاقات کی۔ سندھی جوانوں نے آرمی چیف کو سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی۔ نوجوانوں نے پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔
اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے میں سندھ کا اہم رول اور ملک کی تعمیر میں اہم کردار ہے۔ فوج میں ایک میرٹ کا سسٹم ہے۔ سندھ کے جوان محنتی، وفادار اور ہمارے بہترین سپاہی ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ صرف نوجوان تبدیلی لا سکتے ہیں اور آپ کو ضرور لانی چاہیے۔ پاکستانی نوجوان ملک کی سمت کا تعین کریں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں آپ نے کیسے دہشتگردی کو اٹھا کر ملک سے باہر پھینک دیا؟ میں ان سے کہتا ہوں کہ ہمارے جوان ایسے ہیں جن سے میں پسینہ مانگتا ہوں تو وہ خون دیتے ہیں، ہماری مائیں ایسی ہیں جن کے بچے ہر لمحہ اپنی جانیں ملک پر قربان کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔