گلی محلوں سمیت مین روڈ کے کنارے بھی گندگی کے ڈھیر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہے بارشوں کے بعد تعفن سے شہریوں کاسانس لینامحال،موذی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سالڈ ویسٹ مینجمنٹ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث شہر کچرا دان کا منظر پیش کرنے لگ گیا جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز بھی صفائی وستھرائی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات سن کر پریشان ہونے لگے ۔تفصیلات کے مطابق گلی محلوں سمیت مین روڈ کے کنارے بھی گندگی کے بڑے بڑے ڈھیر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہے ہیں ، بارشوں کے بعد کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں سے پھیلنے والے تعفن سے شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو جاتا ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں سول لائن، بخاری روڈ، جناح روڈ، دھلے ، زاہد کالونی، شاہین آباد، گرجاکھ، وحدت کالونی، سیٹلائٹ ٹاؤن، سیالکوٹ روڈ، فتومنڈ، حافظ آباد روڈ، نوشہرہ روڈ سمیت مختلف شاہراؤں پر ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی پراسرار خاموشی کے باعث گندگی کے ڈھیر ناصرف شہریوں کے لئے تکلیف کا باعث بنے ہوئے ہیں بلکہ ان ڈھیروں سے پھیلنے والے تعفن کے باعث شہر میں موذی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے ۔ تحریک انصاف کے ر ہنماؤں نے سرکاری عہدوں کا چارج سنبھالنے کے باوجود شہر کی حالت بدلنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث شہر کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے ۔ گلی محلوں میں کھڑا سیوریج کا گندا پانی سڑکوں پر تیر رہا ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔
Load/Hide Comments