ایجنٹوں نے مختلف ریٹس بھی مقرر کردیئے ،اکانومی ،اکانومی پلس ،تھری سٹار ،فور سٹار اور آسان قسطوں پر عمرہ کروانے کے بڑے بڑے بورڈ آویزاں گلی محلوں میں کھلنے والے اکثر دفاتر کے پاس لائسنس نہیں :ذرائع، ایف آئی اے کا شہریوں کو غیر قانونی ٹریول ایجنٹوں سے بچانے کیلئے کاروائی کا فیصلہ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عمرہ سیزن شروع ہوتے ہی شہر بھر میں سستا عمرہ کروانے کا کاروبار عروج پر پہنچ گیاہے اورسستا عمرہ پیکیج کے حوالے سے سینکڑوں ٹریول ایجنسیاں کھل گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں چندسال قبل سستا عمرہ پیکیج کے نام پر 30کروڑ روپے کا فراڈ ہو چکا ہے اورکچھ عرصہ قبل فری عمرہ کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کر نے والا گروہ بھی پکڑا گیا تھا جس سے چار ہزار پاسپورٹ بر آمد ہوئے تھے لیکن اس کے باوجودعمرہ سیزن شروع ہوتے ہی گوجرانوالہ میں سستا عمرہ کروانے کا کاروبار ایک بار پھر عروج پر ہے ۔سستاعمرہ کروانے کیلئے ایجنٹوں نے مختلف ریٹس مقرر کر رکھے ہیں۔ اکانومی ،اکانومی پلس ،تھری سٹار ،فور سٹار اور کچھ نے تو آسان قسطوں پر عمرہ کروانے کے بڑے بڑے بورڈ آویزاں کیے ہو ئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سستا عمرہ کے نام پر گلی محلوں میں کھلنے والے اکثر دفاتر کے پاس لائسنس نہیں ہے لیکن وہ سستا عمرہ کے نام سے کھلے عام کاروبار کر رہے ہیں۔ اس وقت گوجرانوالہ میں 600ٹریول ایجنسیاں کام کر رہی ہیں جن میں سے صرف 150کے پاس لائسنس ہے ۔ جو قسطوں پر کام کرتے ہیں وہ شہریوں کا گروپ بنا کر ان سے ایک دو قسطیں لے کر فرار ہو جاتے ہیں۔سابق صدر گوجرانوالہ ٹریول ایسوسی ایشن قمر رانجھا نے دنیا کو بتا یا کہ جس کا بھی دل چاہتا ہے وہ ایجنسی کھول لیتا ہے ۔زیادہ تر لوگ بغیر لائسنس کے کام کر رہے ہیں ۔ ایف آئی اے اس پر فوری کاروائی کرے اورغیر قانونی ٹریول ایجنسیز کو بند کر وائے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ غیر قانونی ٹریول ایجنٹوں کے فراڈ سے لوگوں کو بچانے کیلئے ایف آئی اے نے کاروائی کا فیصلہ کیا ہے اور ان کیخلاف ایک دو دن میں کارروائی شروع ہو جائے گی۔
Load/Hide Comments