گوجرانوالہ کے تھانہ اوپ کے علاقے میں سندس نامی لڑکی نے یٰسین نامی لڑکے کو زندہ جلا دیا تھا۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا تھا کہ ملزمہ سندس نے یٰسین کو ملنے کے بہانے بلایا اور اس کے بعد ساتھیوں کے ساتھ مل کر تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے نوجوان شدید جھلس گیا جسے فوراً گوجرانوالہ میں ہسپتال بھیجا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ہدایت کی کہ لڑکے کی حالت تشویشناک ہے اسے لاہور لے جایا جائے۔
پولیس ذرائع کے مطابق لاہور آنے پر اسے جناح ہسپتال لاہور میں رکھا گیا، جہاں آج یٰسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوٹلی پیر احمد شاہ گوجرانوالہ میں فیکٹری مزدور یٰسین نے خود کو فیکٹری مالک ظاہر کر کے سندس سے دوستی کی تھی، حقیقت کا علم ہونے پر دونوں میں جھگڑا ہوا، لڑکی نے ملنے کے بہانے گھر بلایا اور تیل چھڑک کر آگ لگادی، فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کر لیا، ملزمہ کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔