زلزلہ محسوس ہوتے ہی عوام کی بڑی تعداد خوف کے مارے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئی۔ میرپور آزاد کشمیر سے خبریں ہیں کہ وہاں زلزلے کے باعث عمارت زمین بوس ہونے سے متعدد افراد زخمی ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کی شدت اتنی شدید تھی کہ اس کے باعث سڑکیں پھٹ گئیں جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں ان میں دھنس گئیں۔ کھاڑک کے علاقے میں زلزلے کے باعث دیوار گرنے سے 10 سالہ بچی جاں بحق ہوئی۔
مختلف حادثات کی اطلاعات ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مقامی افراد کی مدد سے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق لاہور کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، شیخوپورہ حافظ آباد، چنیوٹ، جلال پور، باجوڑ، میرپور، اوکاڑہ، مانگا منڈی، نوشہرہ، مالاکنڈ، ظفر وال، پنڈ دادن خان، فیصل آباد، گجرات، قصور، ڈسکہ، باغ آزاد کشمیر، سکردو، کامونکی اور میرپور خاص، کوہاٹ، مردان، نوشہرہ چارسدہ، بونیر، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ دیر اور چترال میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔
ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی اور مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، انڈیا میں زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوری طور پر میرپور آزاد کشمیر میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے ریسکیو آپریشن کی ہدایت کر دی ہے۔و
وزیراعظمراجہ فاروق حیدر نے زلزلے کی اطلاع ملتے ہی دورہ لاہور مختصر کر دیا اور ہنگامی دورے پر میرپور روانہ ہو گئے۔ انہوں نے امدادی اداروں کو ریسکیو سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔
نیوز ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپور کے قریبی علاقے جاتلاں میں زیادہ نقصان ہوا۔ وہاں ہسپتال میں جگہ کم پڑنے کی وجہ سے پارکنگ سٹینڈ میں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہےو
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پی ڈی ایم اے حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے زلزلے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عثمان بزدار نے ہدایت جاری کی کہ سرکاری اور نجی عمارتوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے جبکہ مختلف اضلاع میں زلزلے کے بعد ممکنہ نقصانات کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کی جائے۔ پی ڈی ایم اے زلزلے کے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔
زلزلے سے اب تک 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچوں سمیت 5 افراد شامل ہیں جن میں 17 سالہ سمیر، حمید اللہ، نسیم بی بی، 10 سالہ بچی اور ایک 60 سالہ شخص شامل ہیں۔
ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ ابتدائی مشاہدات کے مطابق زلزلے سے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ تفصیلی جائزے اور رپورٹ کے لئے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس میں نصب آلات سے ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہو گیا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنیں بند کی گئی ہیں۔ پانی صاف ہونے پر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنوں کو دوبارہ چلا دیا جائے گا۔
ٓزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مشتاق منہاس کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ میرپور میں زلزلے سے مکانات، دکانوں اور مسجد کے مینار کو نقصان پہنچا لیکن کسی عمارت کے گرنے کی اطلاع نہیں ہے۔
مشتاق منہاس نے بتایا کہ میرپور شہر میں بھی نقصانات ہوئے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ طالبعلم کی بلڈنگ سے چھلانگ لگانے کی وجہ سے ہلاکت ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی ٹیمیں بھی ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی مشکلات کا سامنا نہیں ہے۔
ڈی آئی جی میرپور سردار گلفراز نے کہا ہے کہ زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 19 ہو گئی ہے جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
لاہور کے علاقے نشتر میں بھی زلزلے کے باعث چھت گرنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی 19 سالہ معراج، پانچ سالہ رابعہ اور سات سالہ حسیب ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔