نیویارک: ترک صدر طیب اردوان نے وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ایک کانفرنس میں شرکت کے دوران خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں خونریزی کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ”نفرت انگیز گفتگو“ سے نمٹنے کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ترک صدر نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں طیب اردوان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ بھارت میں گائے کا گوشت کھانے پر مسلمانوں کو قتل کر دیا جاتا ہے۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ انسانیت کے خلاف جرائم سے پہلے نفرت انگیز تقاریر جنم لیتی ہیں۔ پوری دنیا میں مسلمان نفرت انگیز تقاریر کا آسان ہدف ہیں۔
ترک صدر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پوری وادی جیل کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خون ریزی کا خدشہ ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے نفرت انگیز تقاریر اور اسلاموفوبیا کے خلاف موثر اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ امتیازی سلوک اور مذہب پر مبنی تشدد کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ان کی وجوہات کا حل نکالنا ہوگا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر وزیراعظم عمران خان سے اظہار افسوس بھی کیا۔