نیویارک: مودی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کا مشن لیے امریکا میں موجود وزیراعظم عمران خان کل بروز جمعہ مورخہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اقوام کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کشمیریوں پر مظالم اور وادی کی ابتر صورتحال سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔ انہوں نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ بھارت میں انتہا پسند ملک چلا رہے ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا سمیت اہم مسائل پر عالمی رہنماؤں سے بات چیت کی۔ نیویارک میں پریس کانفرنس میں وزیراعظم نے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا بدقسمتی ہے۔
وزیراعظم نے ٹویٹ میں بتایا کہ ترکی، پاکستان اور ملائشیا نے مشترکہ طور پر انگریزی زبان کا چینل کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انگریزی چینل کا مقصد مشترکہ طور پر اسلاموفوبیا کا مقابلہ کرنا ہے
وزیراعظم کی ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد سے بھی ملاقات ہوئی۔ مہاتیر محمد کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے انھیں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وال سٹریٹ جنرل کی ادارتی بورڈ سے گفتگو بھی کی۔ انہوں نے کہا مودی کے تکبر نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا مودی کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ناروے کی ہم منصب ایرنا سولبرگ اور بل گیٹس سے بھی ملاقات کیں۔