ان کا چورن بکنے والا نہیں،زلزلہ متاثرین کو تنہاء نہیں چھوڑیں گے ، گفتگو ، جلسہ سے خطاب
اسلام آباد ، سیالکو ٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نیوز ایجنسیاں ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پوری قوم کے نمائندوں نے جس انداز سے وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی تقریر کی پذیرائی کرتے ہوئے فقید المثال استقبال کیا وہ قابل ستائش ہے ، عوام کا جم غفیر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جو دلوں میں بستے ہیں عوام ان کو اپنی پلکوں پر بٹھاتے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کی ایک گھنٹے کے خطاب نے اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوڑ دی ہے ، ناموس رسالتؐ پر جو سیاسی دکانداری انہوں نے چمکانے کی کوشش کی ان کی فلم سینما سکرین پر چڑھنے سے قبل ہی فلاپ ہو گئی ، اب ان کا چورن کسی دکان پر بکنے والا نہیں، اسلام کے نام پر سیاسی دکان چمکانے والوں کو پیغام دیتی ہوں کہ وہ آگے بڑھ کر وزیراعظم عمران خان کا ماتھا چومیں اور اپنا سیاسی مورچہ بند کر کے کشمیر کے مورچے پر ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم عمران خان کی وطن واپسی کے موقع پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو پروردگار نے وہ ہمت اور جرات دی جس کے ذریعے انہوں نے دنیا کی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کا مقدمہ لڑا ہے اور مارچ کی آڑ میں جو سیاسی تھیٹر سجا رہے تھے وزیراعظم کی ایک گھنٹے کی تقریر نے اسے ملیامیٹ کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ سیالکوٹ کے موضع گنہ کلاں میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم وزیراعظم کے اقوام متحدہ میں خطاب پر جشن منا کر اپنے لیڈر پر فخر کر رہی ہے وزیر اعظم پاکستان نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ ہم کشمیریوں کے لئے لڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ یہ اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہے ہیں وزیر اعظم نے انکو جواب دے دیا کہ جب تک کشمیر اور فلسطین کا فیصلہ نہیں ہو گا اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے ۔
Load/Hide Comments