اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق طالبان کے سیاسی کمیشن کو دوحہ میں دورے کی دعوت دی گئی تھی۔ دورے سے امریکا طالبان مذاکرات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق افغان امن عمل کے لیے پاکستان نے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ افغان طالبان کا اعلیٰ سطح وفد آج اسلام آباد پہنچے گا۔ طالبان کے سیاسی کمیشن کو دوحہ میں دورے کی دعوت دی گئی تھی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر سے ملاقات میں امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیا تھا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان کے دورہ سے پاکستان، امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع ملے گا۔ دورے کے دوران افغان امن مذاکرات کی بحالی کے امکان کا جائزہ لیا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ طالبان وفد اسلام آباد کا دورہ کر رہا ہے، ان کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔