لاہور: پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، انڈیکس 389 پوائنٹس بڑھ گیا۔ تیزی کے باعث 32700 کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔
نیوز کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل چوتھے روز بھی 389 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے میں آئی، تیزی کے باعث 32 کروڑ شیئرز کا کاروبار ریکارڈ کیا گیا، یہ ریکارڈ 277 روز کے بعد بنا، پانچ کاروباری سیشنز کے دوران حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1318 پوائنٹس بڑھ گیا۔
پورے کاروباری روز 1.19 فیصد کاروبار بڑھا اور انڈیکس 389 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 32752.25 پوائنٹس کی سطح پر جا کر بند ہوا، بہتر کاروبار کے باعث مارکیٹ میں مزید 4 حدیں بحال ہوئیں۔
مارکیٹ میں ایک موقع پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 32800 کی حد بھی عبور کر گیا تھا تاہم یہ تسلسل برقرار نہ رہ سکا۔ اس دوران بڑی مندی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس دوبارہ 32279.86 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا گیا۔ تاہم کاروبار کے اختتامی لمحات میں ایک مرتبہ پھر تیزی دیکھنے میں آئی جس کے باعث حصص مارکیٹ کے 100 انڈیکس 32752.25 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
یاد رہے کہ سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز 8 پوائنٹ، دوسرے روز 175.47 پوائنٹس، تیسرے روز 109.03 پوائنٹس جبکہ آج کاروباری چوتھے روز 389 پوائنٹس کی بڑی تیزی دیکھی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے بزنس مینوں کی ملاقات کا اثرملکی کاروبار میں دیکھنے میں آ رہا ہے، اس دوران خدشات کے بادل چھٹنے کے باعث انویسٹرز حصص مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس کے باعث مسلسل بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قوی امکان ہے کہ کاروباری آخری روز بھی پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس ایک مرتبہ پھر بڑھ جائے۔