وزیراعظم عمران خان اور افغان طالبان کی ملاقات، امن مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیال، تفصیلات جان لیں

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے افغان طالبان کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے اہم ملاقات کی جس میں امریکا کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ میں ہونے والے مذاکرات میں پاکستانی حکام اور طالبان نے افغان امن کی بحالی پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق ملا عبدالغنی کی سربراہی میں 11 رکنی طالبان وفد نے وزیراعظم سے ملاقات۔ کی ملاقات میں خطے میں قیام امن اور افغان امن عمل سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کے وفد کی ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔ اس اہم ملاقات میں افغان امن عمل کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل دفتر خارجہ میں پاکستانی حکام اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات ہوئے۔ پاکستانی وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کی جبکہ طالبان وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادر نے کی۔

دفتر خارجہ میں ہونے والی یہ ملاقات ڈیڑھ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی جس میں معطل افغان امن مذاکرات کی بحالی سمیت دیگر معاملات پر بات چیت کی گئی۔

پاکستانی حکام اور طالبان نے افغان امن کی بحالی پر اتفاق کیا اور طالبان نے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن زلمے خلیل زاد سے پاکستان میں ملاقات پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں تصدیق کی ہے کہ طالبان وفد نے مذاکرات بحالی پر اتفاق کر لیا ہے، یہ معاملہ حساس ہے، زیادہ بات نہیں کر نا چاہتے۔ پاکستان، امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج کے لیے پُرامید ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں