وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر روانہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان صبح چھ بجے بیجنگ پہنچیں گے۔ دورے کے دوران کئی معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔
دورے کے بارے میں شیڈول بتاتے ہوئے دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان چینی ہم منصب کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔

عمران خان چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاک چین وزرائے اعظم دونوں ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کریں گے۔

عمران خان کی چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتوں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کا دورہ پاک چین معاشی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط کرے گا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم جنوبی ایشیا میں امن وسلامتی پر خیالات کا اظہار کریں گے۔

وزیراعظم چینی قیادت کو سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد میں تیزی سے متعلق آگاہ کریں گے جبکہ میزبان ملک کے کاروباری اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم بیجنگ انٹرنیشنل ہارٹی کلچر ایکسپو کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مخدوم خسرو بختیار اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی بھی اہم دورہ چین پر وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں