سی پیک: مغربی روٹ پر طویل شاہراہوں کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپ نے سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر1270 کلو میٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر کے کام میں تیزی لانے کا فیصلہ کر لیا۔
نیوز کے مطابق پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر سی پیک جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اعلی سطح چینی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔ چینی وزیرٹرانسپورٹ کی قیادت میں وفد نے وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید سے ملاقات کی اور ٹرانسپورٹ انفرا سٹرکچر کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپ کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔

ملاقات کے دوران سی پیک منصوبے کے دوسرے مرحلے میں مغربی روٹ پر1270 کلو میٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر کےکام میں تیزی لانے کافیصلہ کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں گلگت سے چترال اور ڈی آئی خان سے ژوب تک شاہراہیں تعمیر ہوں گی۔ پشاور تا ڈی آئی خان اور سوات ایکسپریس وے فیز ٹو سمیت قراقرم ہائی وے پر بھی کام ہو گا۔

اس موقع پر چینی وفد کا کہنا تھا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے وزارت مواصلات نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، سی پیک سے دونوں ممالک کی آئندہ نسلیں بھی مستفید ہوں گی، دونوں ملکوں کی قیادت نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیرمواصلات مراد سعید نے چینی انجینئرز کی محنت، عزم اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنا اولین ترجیح ہے،پاک چین اقتصادی راہداری سے ملازمتوں کے مواقع، انفراسٹرکچر اور مقامی کاروبار کو فروغ ملے گا۔ معاشی و اقتصادی ترقی سمیت غربت کےخاتمہ کے لیے چین ایک رول ماڈل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں