اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی بڑھنے لگی ہے، آزاد کشمیر کے پہاڑوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی، ناران اور بابو سر ٹاپ پر بھی آسمان سے برف روئی کے گالوں کی طرح برسنے لگی،علاقے کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ ہوٹلوں کو بھی تالے لگ گئے۔ دوسری طرف محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، پہاڑوں پر مزید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں سرد موسم رنگ دکھانے کو تیار ہے، بیشتر علاقوں میں پارہ کم ہوگیا، موسم نے لی انگڑائی تو پہاڑوں پر آسمان سے برف سفید روئی کے گالوں کی طرح برسنے لگی۔
آزاد کشمیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد پہاڑوں نے برفانی دو شالے اوڑھ لئے، لوگوں نے گرم کپڑے نکال لئے، ناران پہاڑ بھی برف سے ڈھکے ہوئے ہیں، بابو سر ٹاپ پر اب تک پانچ انچ تک برف پڑ چکی ہے جسکے باعث علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔
ٹریفک کی بندش کے باعث مکینوں کو بھی فوری طور پر علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے، علاقے میں قائم تمام ہوٹلز بند کر دئیے گئے ہیں۔۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کاغان اور ناران میں ہیوی سنوفال کی پیش گوئی ہے۔
دوسری طرف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی پارہ نیچے آنے لگا تاہم کراچی میں گرمی رنگ دکھا رہی ہے۔ آئندہ چند روز میں اسکی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے ، گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔
موسم کا حال بتانے والوں نے آج اسلام آباد میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب کے کچھ شہروں اور بالائی خیبرپختونخوا میں بھی بادل برسیں گے،پہاڑوں پر مزید برفباری بھی ہوسکتی ہے۔