گوجرانوالہ۔سابق چیئرمین جی ڈی اے شیخ عامررحمان کا کھلا چیلنج

گوجرانوالہ:سابق چیئرمین جی ڈی اے شیخ عامر رحمان نے گمراہ کن الزامات لگانے والوں کو اوپن چیلنج دیا ہے کہ وہ شہر سے کسی ایک بھی ایسے بندے کو ڈھونڈ لائیں جویہ کہے کہ اُس نے کام کروانے کے لئے عامر رحمان کو پیسے دیئے ہیں،ایسا ہونے کی صورت میں وہ ہر سزا بھگتنے کے لئے تیار ہوں گے۔الحمداﷲ دامن صاف ہے ،صرف اﷲ سے ڈرتا ہوں،کسی منفی شخص کی پرواہ نہیں،جھوٹ گھڑنے والا افواہ ساز مافیا پہلے تحقیق کرے پھر الزامات لگائے۔ہم نے پورے سال کے عرصہ میں ایک کے علاوہ کسی ہاﺅسنگ سوسائٹی کو این او سی جاری نہ کیا،واحد سوسائٹی جس نے تمام قانونی تقاضے پورے کررکھے تھے صرف اُسے این او سی ملا اور وہ بھی ڈی جی نائلہ باقر نے جاری کیا،لہذا یہ کہنا کہ مختلف ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو این او سی دے کر کروڑوںکی رشوت لی گئی سراسر بہتان تراشی ہے جس کا جواب اِدھر بھی دینا ہوگا اور اﷲکے حضور بھی۔شیخ عامر رحمان نے مزید کہا کہ حاسدین اور منافقین کو ہر محاذ پر منہ کی کھانا پڑے گی،ناقص معلومات رکھنے والے چھوٹے لوگ مجھ پر الزامات لگا کر اپنا قد بڑا نہیں کرسکتے۔یہ لوگ اپنی بھٹکی ہوئی خواہشات کو خبر بنانے کے چکر میں ہیں ،اِن کا یہ خواب کبھی پورا نہیںہوگا۔چیئرمین جی ڈی اے کا عہدہ پارٹی کی امانت تھا،جسے میں نے عوامی خدمت کے لئے استعمال کیا،اپنے کام پر فخر ہے،کوئی ملال نہیں۔ شیخ عامر رحمان نے واضح کیا کہ عہدوں کا حصول اُن کی زندگی میں کبھی بھی اہم نہیں رہا،اﷲ نے جتنا دیا ہے اُس پر جتنا شکر ادا کروں کم ہے،اَگر چاہتا تو اِس سے بھی کہیں بڑا عہدہ حاصل کرسکتا تھا،مگر میں زندگی کو اپنے اصولوں پر گزارنے والا شخص ہوں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں