اسلام آباد: آزادی مارچ کے بینرز لگانے پر جے یو آئی کے 2 کارکن گرفتار

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور آزادی مارچ کے بینرز لگانے پر جے یو آئی کے 2 کارکن گرفتار کرلئے۔ جے یو آئی ف نے گرفتاریوں کو انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔

پولیس کے مطابق جے یو آئی کے کارکنان شہریوں کو آزادی مارچ میں شرکت پر اکسا رہے تھے، قانون پر عمل کرتے ہوئے کارکنوں کو گرفتار کر کے آزادی مارچ کے بینرز قبضے میں لیے گئے ہیں۔ کارکنوں کی گرفتاری پر جے یوآئی ف کے وفد نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے ملاقات میں کہا کہ پولیس نے مولانا شفیق الرحمان اور مولانا محمد ارشاد کو بلاوجہ گرفتار کیا، ہمیں اشتعال پر مجبور نہ کیا جائے۔

دوسری جانب وفاقی پولیس نے کہا کہ اگر دھرنا تین دن تک جاری رہا تو 15 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے، دھرنے کی مدت بڑھنے پر مزید رقم درکار ہوگی، مطلوبہ رقم پولیس اہلکاروں کے کھانے پینے، رہائش، پیٹرول اور راستے روکنے کے لیے کنٹینرز پر خرچ کی جائے گی۔ اسلام آباد پولیس نے ایف سی کے 20 ہزار جوان بھی مانگ لیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں