پہلی سہ ماہی میں بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 8ارب 8کروڑ 66لاکھ ،غیرملکی نجی سرمایہ کاری کا حجم 5ارب 6کروڑ 48لاکھ ریکارڈ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع ،امریکی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ، عبد الحفیظ شیخ کا واشنگٹن میں خطاب
واشنگٹن ، اسلام آباد (اے پی پی)حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام اورملک پرغیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق معیشت کے استحکام اورملک پرغیرملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کیلئے حکومت نے جو اقدامات کئے ان کے مثبت نتائج ملناشروع ہوگئے ہیں اورملک میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری اعدادوشمارسے بھی اس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔وزارت خزانہ کے مطابق ستمبر کے مہینے میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 112 فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ 26 مہینوں کی بلند ترین سطح ہے ،مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کے حجم میں 137 فیصد اضافہ ہوا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کاحجم 8 ارب 8 کروڑ 66 لاکھ رہا، گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم3 ارب 7 کروڑ 41 لاکھ تھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں غیرملکی نجی سرمایہ کاری کا حجم 5 ارب 6 کروڑ 48 لاکھ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 51 فیصد زیادہ ہے ۔ادھر وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے کہا ہے پاکستانی معیشت تسلسل اور کامیابی سے استحکام کی جانب گامزن ہے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی جانب سے اپنے اعزاز میں واشنگٹن میں منعقدہ راؤ نڈ ٹیبل ظہرانے سے خطاب کے دوران کیا۔عبد الحفیظ شیخ نے پاکستان میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے کی حکومتی کاوشوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور امریکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے کی دعوت دی۔ مشیر خزانہ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے ایشین انفراسٹرکچر انویسمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے صدر جن لی کون سے بھی ملاقات کی ۔ صدر جن لی کون نے پاکستان کی معاشی تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے ترجیحی ترقیاتی شعبوں میں بینک کی جانب سے مالی امداد بڑھانے کی پیشکش کی۔ صدر جن لی کون نے کہا انفرا سٹرکچر کی تعمیر و ترقی میں سرمایہ کاری کے مجموعی نشو ونما اور ترقی پر دیرپا مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ڈاکٹر عبد الحفیظ نے صدر جن لی کون کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ،جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ اور ان کے ہمراہ پاکستانی وفد نے اسلامی ترقیاتی بینک (آئی ڈی بی) کے صدر ڈاکٹر بندار ایم ایچ ہجار سے بھی ملاقات کی اور انہیں ملکی معیشت کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ہجار نے ملاقات کے دوران پاکستانی وفد کو آگاہ کیا کہ آئی ڈی بی نے پاکستان کو ان ممالک کی فہرست میں چن لیا ہے جنہیں ان کی معیشت کے کلیدی شعبوں میں مارکیٹ مسابقت کو مستحکم بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے بینک کا ایک وفد عنقریب پاکستان کا دورہ کرے گا۔
Load/Hide Comments