سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی طبیعت بہتر ہونے لگی

لاہور: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت میں بہتری آنے لگی، مسلم لیگ ن کے قائد کو پلیٹ لیٹس کی دوسری میگا کٹ لگا دی گئی۔
دنیا نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی طبیعت گزشتہ روز خراب ہوئی تھی جس کے بعد انہیں سروسز ہسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا تھا، جہاں ایسی خبریں آئیں تھی کہ ان کے خون میں سفید خلیے خطرناک حد تک کم ہو گئے ہیں، تاہم اب ان کی طبیعت میں بہتری آنے لگی ہے، مسلم لیگ کے قائد کو دوسری میگا کٹ لگاد ی گئی ہے۔

سروسز ہسپتال ذرائع کے مطابق ایک میگاکٹ لگانے سے 8 سے 10 ہزار پلیٹ لیٹس کا اضافہ ہوتا ہے، پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزارتک پہنچ گئی ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کے خون میں سفید خلیے خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے۔ نوازشریف کی ٹیسٹ رپورٹس پر سروسز ہسپتال میں کی جانیوالی رپورٹس میں اہم انکشافات سامنے آئے تھے، سابق وزیراعظم کے خون میں سفید خلیئے خطرناک حد تک کم ہو گئے تھے، ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 2 ہزار رہ گئی۔

سابق وزیراعظم کی سی بی سی رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے مجموعی وائٹ بلڈ سیلز 7 ہیں، ان کے مجموعی ریڈ بلڈ سیلز 4 اعشاریہ 53 ہیں، مونو سائٹس کی تعداد 9 ہزار اور یوسنوفلس کی تعداد 2 ہزار ہے، نیوٹرو فلز کی تعداد 67 ہزار اور لیمبوسائٹس کی تعداد 22 ہزار ہے، ان کےٹیسٹ میں ایچ سی ٹی کی تعداد37 ، ایم سی وی 83 اور ایم سی ایچ 31 ہے۔

رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے مجموعی آر بی سی کی تعداد 4 اعشاریہ 53 ہے، ان کا ہیمو گلوبن 13 اعشاریہ 9 ہے۔

دوسری طرف سیکرٹری صحت پنجاب مومن آغا کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کی بریفنگ دی گئی، میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کی صحت کوتشویش ناک قرار دیدیا، نوزشریف کے پلیٹ لیٹس 2 ہزار رہ گئے۔

سیکرٹری صحت مومن آغا کا سابق وزیراعظم نوازشریف سے حکومت پنجاب کی طرف سے ملاقات کے بعد کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نوازشریف کے علاج معالجے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگی، انکے علاج کے لئے تمام سہولیات فراہم کر رہے ہیں، نوازشریف کے علاج کے معاملے پر میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے کچھ ٹیسٹ تسلی بخش ہیں، کچھ نہیں جو تسلی بخش نہیں ان ٹیسٹوں کو دوبارہ کروا رہے ہیں، خون سے متعلقہ ٹیسٹوں کی رپورٹس تسلی بخش نہیں۔ پلیٹ لیٹس کی تعداد 1 لاکھ 50 ہزار ہونی چاہیے، ہومیٹو کریٹ کی ویلیو 37 ہو گئے جبکہ 38 ہونی چاہیے، مسلم لیگ ن کے قائد کے پلیٹ لیٹس کی تعداد آٹو میٹک اور مینول دونوں طریقوں سے چیک کیا گیا، میڈیکل بورڈ نے نوازشریف کے جسم کے کسی بھی حصے سے خون بہنے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔

دوسری طرف صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی سروسز ہسپتال میں بہترین دیکھ بھال جاری ہے۔ چھ رکنی بورڈ میں شامل سینئر ڈاکٹرز نواز شریف کی مناسب نگہداشت کررہے ہیں، سینئر ڈاکٹرز پلیٹ لیٹس کم ہونے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں