وزیراعظم عمران خان کی نواز شریف کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنیکی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کے علاج کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سے رابطہ کرکے اب تک علاج کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نواز شریف کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے رابطہ کرکے انھیں ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کے علاج میں کسی قسم کی غفلت نہ کی جائے۔

وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت سے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹویٹ میں تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہیں کہ ان کے خاندان کے افراد کی منشا کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیراعظم نے ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں