مودی مسلمانوں، سکھوں اور مسیحیوں کا مشترکہ دشمن : سراج الحق

بھارت میں برہمن راج اقلیتوں کا قاتل ، مساجد ، گورودواروں اور چرچز کو شدید خطرہ ،اسلام اقلیتوں کے تحفظ کا سب سے بڑ ا علمبردار ہے حکومت کی نااہلی نے آزادی کشمیر کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ، اپنی اداؤں پر غور کرے ، منصورہ میں اقلیتی کنونشن سے خطاب
لاہور (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے اسلام اقلیتوں کے تحفظ کا سب سے بڑ ا علمبردار اور اسلامی نظام اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ۔ پاکستان کا آئین اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دیتاہے ،بھارت میں برہمن راج اقلیتوں کا قاتل ہے ، بھارت میں مساجد ، گورودواروں اور چرچز کو شدید خطرہ ہے ، مودی مسلمانوں ، سکھوں اور مسیحیوں کا مشترکہ دشمن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں” پاکستان اقلیتی کنونشن “سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر اسد اللہ بھٹو ، لیاقت بلوچ ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، مسیحی وسکھ رہنماؤں ا ور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا حکومت نے ایک ایسے وقت میں ملک کو انتشار کا شکار کیاہے جب یکجہتی اور وحدت کی اشد ضرورت تھی ، حکومت کی نااہلی نے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ، حکومت اپنی اداؤں پر غور کرے ۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی نے 126 دن دھرنا دیکر ایک ریکارڈ قائم کیا تھا ، آپ کیخلاف تو لوگوں نے ابھی سہ روزہ دھرنا بھی نہیں دیا اور آپ ابھی سے گھبرا گئے ہیں ۔انہوں نے کہااسلام آباد میں ایک خوف کا عالم ہے ، حکومت قلعہ بند ہو کر خندقیں کھودنے میں مصروف ہے ، حکومت آئین و قانون پر عملدرآمد کے بجائے خود لاقانونیت پر اتر آئی ہے ،پوری سوسائٹی یرغمال ہے ،سڑکوں کو کنٹینر لگا کر بند کیا جارہاہے ، عوام کا پیسہ عوا م پر خرچ کرنے کے بجائے لوگوں کے راستے بند کرنے پر خرچ ہورہاہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں