اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان بازی سے روک دیا۔ وزیراعظم نے کہا نواز شریف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن ان کی صحت کے لیے دل سے دعاگو ہیں۔ نواز شریف کو پاکستان میں ہر ممکن طبی سہولیات دی جائیں گی تاہم ان سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے گی اسکو من وعن تسلیم کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں نواز شریف کی صحت کا بھی تذکرہ ہوا۔ وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو نواز شریف کی صحت سے متعلق بیان بازی سے روک دیا۔
وزیراعظم نے کہا نواز شریف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن ان کی صحت کے لیے دل سے دعاگو ہیں۔ نواز شریف کو پاکستان میں ہر ممکن طبی سہولیات دی جائیں گی۔ وزیراعظم نے کہا نواز شریف کی بیماری کا علاج پاکستان میں موجود ہے تاہم ان سے متعلق عدالت جو فیصلہ کرے گی اس کو من وعن تسلیم کریں گے۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا بھی ذکر ہوا اور کہا گیا کہ اپوزیشن آئین اور قانون میں رہ کر احتجاج کر سکتی ہے۔ دھرنوں سے متعلق سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کریں گے۔ کسی بھی طرح کا انتشار پھیلانے کی اجازت نہی دی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا بھارت آج عالمی بینک کی رینکنگ میں 14 پوائنٹ اوپر گیا وہاں پورا بھارت خوشی منا رہا ہے، پاکستان کی پوزیشن میں 28 پوائنٹ بہتری ہوئی اور یہاں دھرنوں پر گفتگو ہو رہی ہے۔ سابقہ حکومتیں پاکستان کو 60 درجے نیچے لے گئی تھیں۔