آزمائشی ٹرائل،وزیر اعلیٰ کو بریفنگ احتجاج کی سیاست مناسب نہیں، قانون شکنی پر قانون حرکت میں آئیگا، گھر فراہمی کیلئے 2ہفتے میں پلان طلب،کمیٹی تشکیل
لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ،جس میں اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو منصوبے اور ٹرین کو پہلی بار بجلی سے چلانے کے آزمائشی ٹرائل کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ڈیرہ گجراں سے انار کلی تک 13سٹیشنز پر کام مکمل کر لیا گیا اور ٹرین 28اکتوبر سے ڈیرہ گجراں تا انارکلی تک چلائی جا سکے گی ، ٹرین کو بجلی سے چلانے کا پہلی بار آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیاکہ 11دیگر سٹیشنز پر کام کو نومبر کے اوائل تک مکمل کرلیا جائے گا اور ان سٹیشنز پر کام مکمل ہونے کے بعد اورنج ٹرین کو پورے ٹریک پر بجلی سے چلا کر آزمائشی ٹرائل کیا جائے گا۔ ٹرین کے آزمائشی ٹرائل کے موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ عثمان بزدار ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کو عوام کیلئے جلد سے جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ٹرین کا کرایہ عام آدمی کی پہنچ میں رکھا جائے گا او رامید ہے جنوری میں ٹرین پر عوام سفر کر سکیں گے ۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ کو صوبائی سیکرٹری ہاؤسنگ نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پرہونیوا لی پیشرفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے کم آمدن والے لوگوں کو جلد ازجلد گھر فراہم کرنے کیلئے قابل عمل پلان تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا 2ہفتے کے اندر قابل عمل پلان مرتب کر کے پیش کیاجائے ۔ وزیراعلیٰ نے اس ضمن میں فوری طورپرکمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا پبلک سیکٹر بزنس ماڈل اور سوشل ہاؤسنگ کیلئے مربوط پلاننگ کی جائے ،کم آ مدن والے لوگوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ہاؤسنگ پالیسی مرتب کی جائے گی،خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کیلئے نجی شعبہ کے اشتراک سے گھر بنائیں گے ۔عثمان بزدار سے سینیٹر اورنگزیب خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان نازک صورتحال سے گزر رہا ہے اور یہ وقت اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کا ہے ۔ کشمیرکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا ا فراتفری کی سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں،ملک دشمن احتجاج کی آڑ لے کر فائدہ اٹھانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا سب کا احترام کرتے ہیں مگر کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے ، قانون شکنی ہوگی تو قانون حرکت میں بھی آئے گا۔ پولیو سے بچاؤ کے عالمی دن پرپیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا یہ دن پولیو کے خاتمے کیلئے زیادہ محنت کے ساتھ کام کرنے کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے ۔پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے ۔
Load/Hide Comments