جتنا تعاون موجودہ حکومت کو مل رہا ہے ہمیں ملاہوتا توملک کو بہت آگے لے جاتے عمران خان احسان فراموش ، معیشت کا بیڑا غرق کردیا ، پارٹی کنونشن سے خطاب
لاہور(اپنے سیاسی رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک،ایجنسیاں)مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے عمران خان احسان فراموش ہے جو اپنا توکیا کسی کا بھی دوست نہیں، ملکی معیشت کا بیڑا غرق ،22 کروڑ عوام کی زندگی اجیرن کر کے رکھ دی ، اس کے تکبر کو شکست دینگے ،کارکن 31اکتوبر کو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں،جب تک ملک کی عمران خان نیازی سے جان نہیں چھوٹ جاتی ہم نے انکی جان نہیں چھوڑنی ۔وہ ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن پنجاب کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی کنونشن اوراجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کنونشن سے راجہ ظفر الحق ،احسن اقبال ،جاوید ہاشمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ ،ملکی سیاسی صورتحال، سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے بارے میں موجود خدشات، کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری اور دیگر ایشوز زیر بحث آئے ۔ شہبازشریف نے کہا عمران خان نیازی کہتا تھا اگر ڈالرایک روپے بڑھے تو سو ارب روپے قرضہ بڑھ جاتاہے ،ڈالر پر پچاس روپے بڑھائے تو ہزاروں کھرب عوام پر قرض لاد دیا،سرمایہ کار خوفزدہ ہیں پیسے اپنے سرہانے کے نیچے رکھتے ہیں ،جس نے ایٹمی پاکستان بنایا وہ شخص گرفتار ہے ،یہ پاکستان کو معاشی ترقی و خوشحالی دلانے والے کے دشمن بن گئے ہیں ۔شہباز شریف نے کہا عمران خان کی قسمت خراب اور دماغ بالکل خالی ہے ،جتنی عمران کی مدد اداروں نے کی ہے اگر ہماری حکومت کی 10 فیصد بھی کی ہوتی تو ہم نوازشریف کی قیادت میں ملک کو کہاں سے کہاں لے جاتے ۔ انہو ں نے کہا 27 اکتوبر کو کشمیر کی آواز اٹھانی ہے ،مودی گجرات کا قاتل ہے اس کا ہاتھ روکنا ہے تو قوم کو ایک ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں پوری قوت سے مائیں بہنیں ایک ہاتھ میں پاکستان اور دوسرے ہاتھ میں کشمیر کا جھنڈا لے کر آئیں ۔کارکنوں نے جوق در جوق آزادی مارچ میں آنا ہے ،آزادی مارچ میں اپنے مطالبات اور نکات پیش کریں گے ۔ بعد ازاں احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہااجلاس میں نوازشریف کی صحت کے حوالے سے حکومت کی مجرمانہ غفلت کی مذمت کی گئی ،نوازشریف کو کچھ ہوا تو محاسبہ عمران خان نیازی کا کریں گے ۔ خواجہ آصف نے کہا جو لوگ نوازشریف کی بیماری کا تمسخر اڑا رہے ہیں ہم انہیں بھولے ہیں اورنہ ان کے الفاظ اورچہرے بھولیں گے ۔انہوں نے کہا حکمرانوں کونہ شرم ہے نہ حیا ہے ،یہ غیرشائستہ زبان استعمال کرتے ہیں۔
Load/Hide Comments