اسلام آباد: نیدرلینڈ کی ملکہ میکسما نے وزارت خارجہ آمد پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں اقتصادی بحالی اور سماجی معاشی ترقی کے مختلف پہلووں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیدرلینڈ کی ملکہ میکسما اور شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں پاکستانی عوام کی اقتصادی بحالی، سماجی اور معاشی ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت ایک پرامن ملک کے طور پر ہو رہی ہے۔ پاکستان، نیدرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بہت سی ڈچ کمپنیاں پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ فریقین کا قابل تجدید توانائی، زراعت اور ہارٹی کلچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اقتصادی اور ثقافتی سفارت کاری کو بروئے کار لا کر دنیا کی توجہ پاکستان میں کاروبار اور سیاحت کے میسر مواقعوں کی طرف دلا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے یورپ میں اسلاموفوبیا اور مذہبی منافرت کے حالیہ واقعات پر پاکستان کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
نیدرلینڈ کی ملکہ مکسیما نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انھیں پاکستان میں دیرپا اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ ملکہ میکسما پاکستان کا یہ تین روزہ دورہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نمائندہ خصوصی برائے اقتصادی ترقی کے طور پر کر رہی ہیں۔