دفاتر و افسران تک عوام کی آسان رسائی اور خدمات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹینٹ (ر) سہیل اشرف

وقت کی پابندی پر عملدرآمد، سرکاری خدمات کے حصول کےلیے دفاتر و افسران تک عوام کی آسان رسائی اور خدمات کی فراہمی میں شفافیت اولین ترجیحات ہیں لیفٹینٹ (ر) سہیل اشرف۔

سرکاری تعلیمی اداروں،ہسپتالوں اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانا ترجیحات میں شامل ہے،سرکاری سکولوں میں حصول تعلیم کے لیے آنے والے طلباء اور سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کے لیے آنے والے افراد کا تعلق ملک کے کم آمدن،غریب اور متوسط طبقے سے ہے انہیں معاشرے کے دیگر شہریوں کے برابر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا، کرپشن سے متعلقہ شکایات پر فوری ایکشن لیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر کا افسران و محکموں کو دو ٹوک پیغام:
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے ڈپٹی کمشنر دفتر میں محکمہ تعلیم،محکمہ صحت اور ریونیو حکام کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ز(ریونیو ڈاکٹر ذیشان حنیف،جنرل انجم ریاض سیٹھی)،اسسٹنٹ کمشنرز(سٹی عثمان سکندر،صدر ساریہ حیدر،کامونکے شاہد عباس،وزیرآباد وقار حسین،نوشہرہ ورکاں حیدر خان)،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فرجاد بٹ،سی ای او ایجوکیشن محمد اورنگزیب اور محکمہ صحت،محکمہ تعلیم،ریونیو،لینڈ ریکارڈ کے افسران شریک تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا مشن اور ویژن ملک کے پسے ہوئے طبقے کو خوشحال بنانا اور وسائل کا رُخ ان کی طرف موڑنا ہے تا کہ دہائیوں سے جن محرومیوں اور طبقاتی ناہمواریوں کا سامنا وہ طبقہ کر رہا ہے ان کا خاتمہ کرتے ہوئے متوسط طبقے کے افرادکے لیے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں وسائل میں رہتے ہوئے بہت سے امور کو بہتر بنایا جا سکتا ہے جن میں سائلین اور شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنا، خدمات کی فراہمی میں شفافیت،غیر ضروری تاخیری حربوں سے اجتناب،سرکاری اداروں میں صفائی ستھرائی،وقت کی پابندی،اساتذہ،ڈاکٹرز،افسران اور عملہ کی حاضری و دستیابی وغیرہ شامل ہیں جن سے عوام کا اعتماد بحال بغیر کسی اضافی وسائل خرچ کیے کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے سروسز کی بہتری کے لیے جو اعشاریے مقرر کیے گئے ہیں ان کے حصول کے ساتھ ساتھ ادارو ں کی کارکردگی کو حقیقی معنوں میں بھی بہتر بنانا ہے تا کہ وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور صحت کو پنجاب میں پہلی پوزیشن پر لانے کے لیے متعلقہ افسران مزید تگ و دو کریں اور جن خامیوں کے باعث ضلعی گوجرانوالہ نچلی سطح پر رہا ان خامیوں کو آئندہ دور کیا جائے۔اساتذہ زیر تعلیم طلباء کو اپنے بچوں کی طرح معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے محنت کریں اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز و عملہ مریضوں کے علاج میں کائی کسر اُٹھا نہ رکھیں کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں وہ لوگ آتے ہیں جو نجی ہسپتالوں میں علاج کی سہولیات حاصل کرنے کی سکت نہیں رکھتے،ایسے افراد کو خوشی دینے سے نہ صرف فرائض کی ادائیگی ممکن ہو گی بلکہ ہمارا رب بھی ہم سے راضی ہو گا۔
اجلا س میں محکمہ ریونیو کی طرف سے واگزار کروائی گئی سرکاری اراضی پر تفصیلی بریفنگ لی اور افسران سے واگزار کرائی گئی اراضی کی موجودہ صورتحال بارے بھی استفسار کیا۔انہوں نے ریونیو افسران اور لینڈ ریکارڈ حکام کو بھی ہدایت کی کہ ریونیو کے شعبہ سے متعلقہ خدمات کی فراہمی کو مکمل شفاف بنائیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی شہری سے بد سلوکی نہ کی جائے،اچھا رویہ رواں رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ جو زمین واگزار کروائی جائے اس کے بارے میں جامع پلان بھی تشکیل دیا جائے تا کہ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ نہ ہو۔اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکولوں،پارکوں،عید گاہوں،جنازگاہوں سمیت دیگر عوامی مقامات پر ہونے والے قبضوں کو ترجیحاً ختم کرواتے ہوئے ایسی املاک و اراضی کو واگزار کرایا جائے تا کہ عوامی مصرف میں لایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں