تیزی سے تبدیلی آرہی ہے , پٹوار کلچر تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کرینگے : بزدار

ریونیو ریکارڈ کے ایک کروڑصفحات کو ڈیجیٹلائز کر کے محفوظ کر لیا گیا،23ہزار ریونیوسٹیٹس کا ریکارڈ آن لائن میسر ریونیو سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے اثرات دیر پا ہوں گے ، ارکان اسمبلی سے گفتگو،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن کی ملاقات
لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین اسمبلی اورپاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرزنے ملاقاتیں کیں ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے ذریعے پٹوار کلچر کو تبدیل کرنے کا وعدہ پورا کریں گے ۔ حکومت پنجاب نے پٹوار کلچر کے خاتمے کے لئے ڈیجیٹل حل تلاش کیاہے اور اس ضمن میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور بینکوں کا سروس لیول ایگریمنٹ اہم سنگ میل ہے ۔ ریونیو ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے سے باہمی تنازعات میں کمی اور عدالتی نظام پر بوجھ کم ہوگا،انہوں نے کہا بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ڈیجیٹل لینڈ ریکارڈ کے سنٹرل ڈیٹا بیس سے محفوظ لنک دیا گیاہے ۔ بینکوں میں تصدیق کے بعد کاشتکار یا دیگر کاروباری حضرات آسانی سے قرضے حاصل کر سکیں گے – بینک فردملکیت، انتقال اراضی،رجسٹری اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی تصدیق کر کے لون پراسیس مکمل کرسکیں گے ۔ بینکوں کی مجاز برانچوں پر فرد ملکیت کا پرنٹ فراہم کرنے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ صدیوں پرانے ریونیو سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کے مثبت اثرات دیر پا اور پائیدار ہوں گے ۔ 55لاکھ اراضی مالکان کے ریونیوریکارڈ کے ایک کروڑصفحات کو ڈیجیٹلائز کر کے محفوظ کر لیا گیا ہے ۔ صوبہ بھر میں سے 23ہزار ریونیوسٹیٹس کا ریکارڈ کسی بھی وقت آن لائن چیک کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لینڈ ریکارڈ سروسز کے ذریعے اوورسیز پاکستانی بھی بیرون ملک رہ کر مستفید ہو سکیں گے ۔ امریکا ، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی کاؤنٹر قائم ہوں گے ۔ ملٹی سٹوری بلڈنگزمیں کمرشل اور رہائشی فلیٹ کے مالکان کاریکارڈ بھی مرتب کیاجاسکے گا۔ صوبہ بھر میں 115-اراضی ریکارڈ سنٹر اور 20 موبائل وین پراجیکٹس 2ارب روپے سے بہت جلد مکمل کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تبدیلی تیزی سے آ رہی ہے ، ماضی میں پٹوار کلچر بدلنے کے نعرے سنے لیکن پٹوار کلچر نہ بدلا -انشاء اللہ پٹوار کلچر میں تبدیلی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت لائے گی۔وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ شعبہ تعلیم کو گزشتہ 7 دہائیوں سے اہمیت نہیں دی گئی۔ تعلیم پر سرمایہ کاری کرکے ہم اپنی نئی نسل کو محفوظ اور روشن مستقبل دیں گے – “دی نیو ڈیل” کے تحت پرائمری لیول تک تعلیم قومی زبان اردومیں دی جائے گی۔نئی تعلیمی پالیسی “دی نیو ڈیل” کے ذریعے ایجوکیشن سیکٹر میں دور رس تبدیلیاں لارہے ہیں ۔ امتحانی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے پرپوری توجہ دے رہے ہیں۔سکول سے باہر بچوں کے لئے مزید 100 سکول قائم کئے جا رہے ہیں ۔ عثمان بزدارنے خصوصی افراد کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ہماری اخلاقی، سماجی،قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے ۔معاشرے کے ہر طبقے کوخصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنابھرپور کردارادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور محنت و لگن سے معذوری کو شکست دیکر معاشرے میں اپنا مقام بنایا ہے ۔خصوصی بچوں کی تعلیم کے لئے 9کروڑ روپے سے 14نئی بسیں فراہم کی گئی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں