لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ایک مرتبہ پھر زبردست تیزی دیکھی گئی، تیزی کے باعث 100 انڈیکس 481.79 پوائنٹس بڑھ گیا جبکہ 40 ہزار کی نفسیاتی حد دوبارہ بحال ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر تیزی واپس لوٹ آئی ہے، تیزی کے باعث حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 487.79 پوائنٹس بڑھ گیا، انڈیکس میں تیزی کے باعث پانچ حدیں بحال ہو گئیں۔ بحال ہونے والی حدوں میں 39800، 39900، 40000، 40100، 40200 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 335.49 پوائنٹس گر گیا تھا جس کے باعث انڈیس 39788.73 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا تھا۔
آج کاروبار کے دوران کاروبار کا آغاز ہی مثبت انداز میں ہوا، تیزی کے باعث دوپہر 12 بجے کے قریب انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا، تیزی کا یہ تسلسل برقرار رہا اور ایک موقع پر انڈیکس 40306.55 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم اس دوران انڈیکس میں معمولی مندی دیکھنے کو ملی۔
پورے کاروباری روز کاروبار کے دوران 1.2 فیصد بہتری دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے دوران 24 کروڑ شیئرز کا کاروبار ہوا جس کی مالیت 12 ارب روپے سے زائد بنتی ہے، 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر 481.79 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40270.52 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی سب سے بڑی وجہ بین الاقوامی اداروں کی طرف سے پاکستانی معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں ہیں، موڈیز، بلومبرگ سمیت دیگر اہم بین الاقوامی اداروں کی طرف سے ملکی سٹاک مارکیٹ کے بارے میں مثبت خبریں تیزی کو پروان چڑھ رہی ہیں، غیر یقینی سیاسی صورتحال کا خاتمہ اور ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہتری کی خبریں آئندہ چند روز میں مزید تیزی لا سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کے بارے میں عالمی ادارے خبریں دے رہے ہیں کہ حصص مارکیٹ کا شمار دنیا کی بہترین مارکیٹوں میں ہوتا ہے، جس کی ایک مثال اس میں بھی دیکھی جا سکتی ہے گزشتہ تین ماہ کے دوران 100 انڈیکس 10500پوائنٹس سے بھی بڑھ گیا ہے اور 10 ماہ کے عرصے بعد 40 ہزار کی نفسیاتی حد بھی عبور ہوئی ہے۔ ڈالر کی گراوٹ کے بعد یہ تیزی کافی اہمیت کی حامل ہے۔