اسلام آباد: صدر مملکت کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کو نیا چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
وزارت قانون نے صدر مملکت کی منظوری کے بعد جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 177 کے تحت صدر مملکت نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کی بطور چیف جسٹس تقرری کی منظوری دی۔
نئے نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 فروری 1957ء کو کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم شہر قائد سے ہی حاصل کی۔ انہوں نے بی اے کی ڈگری گورنمنٹ نیشنل کالج سے لی اور ایس ایم لا کالج کراچی سے ایل ایل بی کیا۔
جسٹس گلزار قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1986ء کو ہائی کورٹ اور 1988ء میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔جسٹس گلزار احمد 1999ء سے 2000ء تک سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بھی رہے۔
جسٹس گلزار احمد نے 27 اگست 2002ء کو سندھ ہائی کورٹ کے جج کا حلف اٹھایا اور 16 نومبر 2011ء کو سپریم کورٹ کے جج بنے۔ نامزد چیف جسٹس گلزار احمد بطور جج سپریم کورٹ اہم مقدمات کے فیصلوں میں شامل رہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پاناما مقدمہ میں نااہلی کا فیصلہ بھی دیا اور ترمیم کے خلاف درخواستیں سننے والے بنچ کا حصہ بھی رہے۔