منصوبے پر5 ارب روپے لاگت ا ٓئیگی، وزیر اعلٰی کا ناجائز منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار کے وفد سے ملاقات ،مسائل حل کرنیکی یقین دہانی ، شوگرملز کو کرشنگ شروع کرنیکی ہدایت
لاہور (سیاسی رپورٹر سے ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور میں خون کی بیماریوں کے مریضوں کے علاج کے لئے جدید ہسپتال کی منظوری دیدی ۔ انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈزیز500بیڈ ز پر مشتمل ہسپتال ہو گا جس میں تمام جدید سہولتیں میسر ہوں گی منصوبے پرپانچ ارب روپے کی لاگت ا ٓئے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ فیصلہ ڈاکٹر طاہرشمسی سے ملاقات کے بعد کیا۔ ڈاکٹر طاہر شمسی نے خون کی بیماریوں کے مریضوں کے علاج کی کم سہولتوں کی طرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ مبذول کروائی تھی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کاکہناہے کہ پنجاب ہی نہیں تمام صوبوں کے خون کی بیماریوں کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت دیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں سفارشات اورایکشن پلان مانگ لیا ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نا جائز منافع خور اور ذخیرہ اندوز کسی نرمی کے مستحق نہیں ۔ ان کی جگہ جیل ہے ،کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ عثمان بزدار نے مزید کہاکہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کریں،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ۔دریں اثنا عثمان بزدار سے راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید تنویر سہیل شاہ کی قیادت میں وفد نے ایوان وزیراعلٰی میں ملاقات کی ۔ راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے راولپنڈی بار ایسوسی ایشن کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی بار ایسوسی ایشنزکے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،راولپنڈی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر شکیل احمد، سیکرٹری شہزاد میر،ممبر پنجاب بار کونسل قوسین فیصل مفتی اوردیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے شوگرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوں کو فوری طورپر کرشنگ شروع کرنے کا پابند بنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے صوبائی سیکرٹری خوراک اورکین کمشنرسے رپورٹ طلب کرتے ہوئے شوگر ملوں کو فی الفورکرشنگ شروع کرنے کا پابندبنانے کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ کاکہناہے کہ سیزن کے آغاز پرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ بند کرنے کا کوئی جواز نہیں، عثمان بزدار نے یقین دلایا کہ حکومت گنے کے کاشتکارو ں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی،گنے کے وزن میں کٹوتی کی بھی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب نے انٹرنیشنل والنٹیئرزڈے کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکار مالی منافع کی توقع کے بغیر سچے جذبے کیساتھ کام کرتے ہیں اور والنٹیئرز ثقافت، زبان اور جغرافیائی حدود سے ماورا ہو کر انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں۔ دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا انسانیت کی اعلیٰ اقدار اور دین اسلام کا بنیادی درس ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشکلات میں گھرے افراد کی مدد کیلئے رضا کارانہ خدمات سر انجام دینے والے افراد اور تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ عوامی بھلائی کے کاموں میں مصروف ایدھی، اخوت، کشف اور دیگر فلاحی تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔آج ہمیں انسانی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنیوالے امدادی کارکنان کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کرنا ہے ۔
Load/Hide Comments