فرائض میں غفلت برتنے والوں سے کو ئی رعایت نہیں برتی جائیگی ، شہری سہولیات میں بہتری بنیادی ترجیح ،عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن بناناہوگی :زاہداخترزمان سبزی و پھل منڈیوں کی مسلسل نگرانی ، بازاروں،مارکیٹوں اور دکانوں پر چھاپہ مار کارروائیوں سے مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملی :ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) کمشنر زاہد اختر زمان نے سبزی منڈی کھیالی، مذبحہ خانہ، ڈی ایچ کیو ہسپتال اور مختلف سڑکوں کا ہنگامی دور ہ کیااورفرائض میں غفلت اور غیر حاضری کے مرتکب میٹ انسپکٹر ساجد حسین شاہ اورجونیئر کلرک شیزاز میر کو معطل کرنے کا حکم دیا جس پر چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن امجد ڈھلوں نے دونوں اہلکار وں کو معطل کر دیا، کمشنر نے واضح کیا کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں سے کو ئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام سرکاری ملازمین کو اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کرناہونگے ، محکموں کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے تمام ممکنہ وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے ، انہوں نے کہاکہ شہری سہولیات میں بہتری ان کی بنیادی ترجیح ہو گی، جس کیلئے تمام محکموں کو مربوط اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے عوام کو ریلیف کی فراہمی ممکن بناناہوگی۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے سبزی و پھل منڈی (کھیالی) کے دورہ کے موقع پر کہا کہ سبزی و پھل منڈیوں کی مسلسل نگرانی اور بازاروں،مارکیٹوں اور دکانوں وغیرہ پر چھاپہ مار کارروائیوں سے مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے اور اشیا خور ونوش کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے میں مدد ملی ہے جس سے صارفین کو ریلیف ملا ہے ۔ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پوری طرح سے متحرک کر دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اشیا ضروریہ مہنگے داموں فروخت کرنے اور ناپ تول میں کمی پر لاکھوں روپے کے جرمانے ،درجنوں گرفتاریاں اور مقدمات کا اندراج کروا رہے ہیں ۔ انہوں نے پیاز ،ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ لیا اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی کو ہدایت کی کہ منڈی میں لائی جانے والی سبزیوں کی نیلامی اورقیمتوں کے تعین پر کڑی نظر رکھیں تا کہ درست قیمتوں کے تعین سے منڈی میں آنے والی قیمتوں میں کمی کے ثمرات صارفین تک پہنچائے جا سکیں ۔
Load/Hide Comments