کم عمر رکشہ ڈرائیور انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن گئے , ٹریفک بہاؤ میں بھی مشکلات , مین بازاروں‌ میں گزرنا محال

اکثریت ڈرائیونگ لائسنس سے محروم ، بعض کے تو شناختی کارڈ ہی نہیں بنے ،سڑک کے دونوں اطراف فروٹ فروخت کرنیوالوں کی ریڑھیاں بھی دکانوں کاروپ دھارچکیں ،گزرنے کے راستے مسدود،ضلعی انتظامیہ نوٹس لے :شہری
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیور انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بننے لگے ہیں ،شہر اور گردونواح میں چنگ چی رکشاؤں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ اضافہ ہو رہا ہے ، چنگ چی رکشہ چلانے والوں کی اکثریت کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں اوربعض کے تو شناختی کارڈ ہی نہیں بنے ،شہر بھر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشاؤں کے اڈے بن گئے ہیں اور شہر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے بننے والے خوبصورت چوک اب رکشہ سٹینڈ بن کر رہ گئے ہیں ۔ چنگ چی رکشے ٹریفک کے بہاؤ میں بھی مشکلات پیدا کر رہے ہیں ۔ مین بازاروں میں گزرنا محال ہو چکاہے ،کمسن ڈرائیور تیز رفتاری سے رکشے چلاتے ہیں اور اکثر اوقات زیادہ سواری بٹھانے کے لالچ میں حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں ۔دوسری طرف فروٹ فروخت کرنیوالوں کی ریڑھیاں سڑک کے دونوں اطراف میں کثرت سے پائی جاتی ہیں ۔ متعدد ریڑھیاں تو دکانوں کا روپ دھار چکی ہیں، سڑکوں پر جگہ مخصوص کر کے اڈے بنائے ہوئے ہیں جن کی وجہ سے گزرنے کے راستے مسدود ہو کر رہ گئے ہیں ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور سی ٹی او سے اس معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں