سبزی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری، درآمدی ٹماٹر کی جگہ مقامی ٹماٹر نے لے لی، اتوار بازار میں ٹماٹر 110 روپے کلو میں فروخت ہونے لگا، آلو، پیاز کی قیمت میں تاحال کمی نہ آ سکی۔
افغانستان اور ایران کے ٹماٹر کی چھٹی، اتوار بازاروں کے سٹالز پر ایک بار پھر مقامی ٹماٹر راج کرنے لگا، سندھ کے ٹماٹر نے قیمت میں تیزی کو بھی بریک لگا دی۔ لاہور کے شادمان اتوار بازار میں ٹماٹر کا نرخ 110 روپے کلو تک آ گیا، گزشتہ اتوار بازار کے مقابلے میں قیمت 10 روپے کلو کم ہوئی۔
اتوار بازار میں پیاز کی قیمت بدستور 64 روپے کلو برقرار ہے جبکہ آلو کی قیمت 40 روپے کلو سے کم نہ ہو سکی۔ پھول گوبھی 55 اور مٹر 100روپے کلو میں فروخت ہونے لگے۔ گاجر 36 روپے، پالک 19 روپے اور ساگ 25 روپے کلو میں دستیاب ہے۔
عوام کہتے ہیں کہ مہنگائی کا پھندا کچھ ڈھیلا تو ہوا ہے لیکن ابھی قیمتیں مزید کم ہونے کا انتظار ہے۔ اتوار بازار میں تو اشیاء کنٹرول ریٹ پر دستیاب رہیں تاہم عام مارکیٹ میں سبزیوں کی من مانی قیمتیں وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے