لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز بڑی مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے 100 ارب سے زائد ڈوب گئے۔
تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی نے ڈیرے ڈال لیے، گراوٹ کے باعث انڈیکس میں 824.70 پوائنٹس گر گئے۔تنزلی کے باعث انڈیکس کی 8 حدیں گر گئیں۔ گرنے والی حدوں میں 40800، 40700، 40600، 40500، 40400، 40300، 40200، 40100 کی حدیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 177 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 40832.99 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
آج کاروبار کا آغاز ہی مندی سے ہوا، ابتدائی لمحات میں گراوٹ میں جانے والی سٹاک مارکیٹ گراوٹ سے باہر نہ نکل سکی، ایک موقع پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 40 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی محروم ہو گیا تھا جس کے باعث انڈیکس 39931.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری کے دوران 824.70 پوائنٹس کی تنزلی کے بعد 40008.29 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کاروبار میں 2.06 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
آج بڑی مندی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کو ایک کھرب (100ا رب) سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا جبکہ مارکیٹ میں 10 کروڑ 42 لاکھ 87 ہزار 930 شیئرز کا کاروبار ہوا، ان شیئرز کی مالیت 5 ارب69 کروڑ 13 لاکھ 80 ہزار 112 روپے بنتی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ملک میں چھائی غیر یقینی سیاسی صورتحال کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ تنزلی میں جا رہی ہے۔ ایل او سی پر کشیدگی کی صورتحال، گیس کی قیمت میں ممکنہ 200 فیصد اضافے، ترکی کے پاکستان کے بارے میں تاثرات کے بعد سعودی عرب کی وضاحت کے باعث انویسٹرز دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی کے باعث سرمایہ کاری سے گریزاں ہیں۔
ماہرین کے مطابق کی دوسری بڑی وجوہات میں عالمی سطح پر پیش آنے والے واقعات ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے روس کی گیس پائپ لائن پر پابندی سب سے اہم ڈویلپمنٹ میں سے ایک ہے۔